Home / پاکستان / برکی روڈ پر انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے مین کیمپس کا سنگ بنیاد رکھ دیا

برکی روڈ پر انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے مین کیمپس کا سنگ بنیاد رکھ دیا

Information-Technology-University-Lahore
لاہور۔21 دسمبر(اے پی پی )وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے برکی روڈ پر انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے مین کیمپس کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیراعلی نے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی تاریخ کا یہ عظیم موقع ہے جب ہم نے انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے مین کیمپس کا سنگ بنیاد رکھا ہے۔چند برس قبل انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی ارفع کریم ٹاور میں قائم کی گئی تھی اور آج اس عظیم درسگاہ کے مین کیمپس کا سنگ بنیادبرکی روڈ پر اربوں روپے کی قیمتی اراضی پر رکھا گیاہے جس پر میں وائس چانسلر ڈاکٹر عمر سیف ، فیکلٹی ممبران اور طلبا وطالبات کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔وزیراعلی نے چند روز قبل کانووکیشن میں ڈگریاں حاصل کرنے و الے طلبا وطالبات، ان کے اساتذہ اور والدین کو مبار کباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی نوجوانوں کو اعلی تعلیم کی فراہمی کے لئے قائم کی ہے جہاں پر ذہین اور محنتی طلبا وطالبات کو وظائف بھی دئیے جاتے ہیں۔یہاں پر غریب کا بچہ بھی عزت سے تعلیم حاصل کرتاہے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی قائداعظم محمد علی جناح ؒ کے ویژن کو آ گے لے کر چل رہی ہے کیونکہ قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے پاکستان اس لئے بنایا تھاکہ یہاں سب کو رنگ و نسل کے بغیر یکساں حقوق حاصل ہوں، امیر اور غریب کو تعلیم ،صحت اور ترقی کے یکساں مواقع ملیں لیکن بد قسمتی سے پاکستان میں امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہوتا گیا۔آج امیر کی چوکھٹ پر تمام نعمتیں سلام کرتی ہیں اور انہیں تعلیم ، صحت او ردیگر سہولتیں حاصل ہیں لیکن غریب کے لئے تعلیم ،صحت اور دیگر سہولتیں نا پید ہیں۔امیر اور غریب میں تفاوت کے باعث پاکستان ترقی اور خوشحالی کی وہ منازل طے نہیں کر سکا جو دیگر ممالک نے طے کی ہیں۔ وزیراعلی نے کہا کہ قائد اعظم محمدعلی جناح ؒ کا یوم ولادت آنے والا ہے ہم سب کو دیکھنا چاہیے کہ قائد اعظم محمد علی جناحؒ ہم سے کیا چاہتے تھے؟ اور ہم نے کیا۔کیا ہم نے قائدؒ کے فرمودات اور اقبال کے افکار پر عمل کیاہے؟ یقیناًاس کا جواب نفی میں ہے لیکن انفارمیشن ٹیکنالوجی جیسی یونیورسٹی جہاں غریب اور امیر کو تعلیم کے یکساں مواقع میسر ہوں وہ قائدؒ کے مشن کو آگے بڑھا رہی ہے اور یقیناًقائد ؒ کی روح کو ایسے تعلیمی اداروں کے قیام سے تسکین ملتی ہوگی۔ وزیراعلی نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور دشمن ہماری طرف میلی آ نکھ سے نہیں دیکھ سکتا،لیکن ایٹمی طاقت ہونے کے باوجود پاکستان کئی ممالک سے پیچھے ہے حالانکہ ماضی میں وہ ممالک پاکستان کے مقابلے میں پیچھے تھے۔اب ترکی، چین ،جنوبی کوریا اور بنگلہ دیش کہاں کھڑے ہیں؟ اور پاکستان کہاں؟یہ لمحہ فکریہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی پاکستان کی ایک مایہ ناز یونیورسٹی ہے جسے اس کے وائس چانسلر ڈاکٹر عمر سیف بہترین طریقے سے آگے بڑھا رہے ہیں۔ پنجاب حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کا مین کیمپس 183ایکڑ اراضی پر بنا رہی ہے ۔کچھ عرصہ قبل یہ قیمتی اراضی قبضہ گروپوں کے پاس تھی، پنجاب حکومت نے سپریم کورٹ سے یہ کیس جیتا اور اربوں روپے کی یہ قیمتی اراضی آپ کے قدموں میں نچھاور کر دی ہے تاکہ آپ بہترین تعلیم حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں ایسے کئی ادوارگزرے ہیں جہاں اس طرح کی اربوں روپے کی اراضی کو نوجوانوں کے استعمال میں لانے کی بجائے آپس میں بندر بانٹ کر لی گئی، لیکن پاکستان مسلم لیگ( ن) کی یہ حکومت اربوں روپے کے وسائل نوجوانوں کی ترقی اور قوم کی خوشحالی کے لئے وقف کررہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ 15ارب روپے کی یہ قیمتی اراضی قوم کے نونہالوں کو ا علی تعلیم کے لئے دی گئی ہے اور یہ مستقبل پر سود مند سرمایہ کاری ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں کسی چیز کی کمی نہیں ،عز م ، جذبہ اور محنت ہو تو ہر کام ہوسکتاہے اور مجھے یقین ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی بھی کیمبرج اور آکسفور ڈ کی طری اپنا نام پیدا کرے گی اور اس یونیورسٹی کے طلبا وطالبات بھی دنیا بھر میں اپنا نام کمائیں گے۔وزیراعلی نے کہاکہ قومیں محنت اور صرف محنت سے ہی ترقی کرتی ہیں۔شارٹ کٹ کے ذریعے کامیابی کا کوئی راستہ نہیں ۔اس تقریب میں موجود طلبا و طالبات پاکستان کا مستقبل ہیں، آپ جتنی محنت سے کام کریں گے ملک اتنا ہی ترقی کرے گا۔غربت اور امارت صرف سوچ میں ہوتی ہے ۔پاکستان میں وسائل کی کوئی کمی نہیں۔انہوں نے طلبا و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ نے ہی پاکستان کی تقدیر بدلنی ہے اور ہمسایہ ممالک کو مات دینی ہے ۔وزّیراعلی نے کہاکہ بھکاری پن سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا او رانشاء اللہ پاکستان ایک دن اپنے پاؤ ں پر کھڑا ہوگااو راسلامی دنیاکا عظیم ملک بنے گا ۔ انہوں نے کہاکہ جتنے بھی وسائل آپ کو چا ہیے میں دوں گا ۔پنجاب حکومت لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ بنا رہی ہے جس پر 20ارب روپے خرچ ہو ں گے اور یہ فنڈز پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے فراہم کئے ہیں ۔اس منصوبے کے پہلے مرحلے کا افتتاح 25دسمبر کو ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ ہمیں کشکول اٹھانے کی عادت کو ہمیشہ کے لئے ترک کرنا ہوگا اب یا کشکول رہے گا یا کامیابی کیونکہ آگ او رپانی اکٹھے نہیں رہ سکتے۔وزیراعلی نے طلبہ پرزور دیا کہ وہ محنت سے کام کریں اور وطن عزیز کو عظیم ملک بنائیں ۔وزیراعلی نے فیکلٹی ممبران میں شیلڈز اور تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔تقریب سے صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی او رڈاکٹر عمر سیف نے بھی خطاب کیا۔

تبصرے

تبصرے

Check Also

Urdu

صدر ممنون حسین نے جدید ترین اردو لغت کے آئن لائن ایڈیشن کا باضابطہ افتتاح کر دیا

اسلام آباد ۔ 24 جنوری (اے پی پی) صدر ممنون حسین نے جدید ترین اردو …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے