Home / پاکستان / سی پیک میں شامل کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کا 25 دسمبر کوسنگ بنیاد رکھا جائے گا

سی پیک میں شامل کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کا 25 دسمبر کوسنگ بنیاد رکھا جائے گا

01-15
کراچی ۔ 13 ستمبر (اے پی پی) صوبائی وزیرمحنت،ٹرانسپورٹ وطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہدای(سی پیک) میں شامل کراچی سرکلر ریلوے کی 25 دسمبر2017ء کوسنگ بنیاد رکھا جائے گا، سرکلر ریلوے کی تکمیل سے کراچی کے لاکھوں مزدوروں کے ساتھ عوام کو بھی سستی اور تیزرفتار ٹرانسپورٹ کی سہولت دستیاب ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری میں صنعتکاروں سے خطاب کے دوران کیا۔اس موقع پر سراج قاسم تیلی، اسد نثار برخورداریہ، زبیرموتی والا اور جاوید بلوانی نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر سیکریٹری لیبر عبدالرشید سولنگی، سابق چیئرمینزمجید عزیز، سلیم پاریکھ،یونس بشیر،جنیدماکڈا اور دیگر صنعتکار بھی موجود تھے۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی میں ٹرانسپورٹ کا سنگین عوامی مسئلہ حل کرنے کیلئے صوبائی حکومت 637بسیں پرائیویٹ سیکٹر کو15فیصد سرمایہ کاری پر فراہم کریگی جس کی 70فیصد فنانسنگ سندھ مضاربہ کے ذریعہ3سے5فیصد مارک اپ پر فراہم کی جائے گی جبکہ15فیصد سرمایہ کاری حکومت سندھ کی ہوگی اورمارک اپ5 فیصد سے زیادہ ہونے کی صورت میں حکومت سندھ اس کی ادائیگی کریگی۔ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پرکراچی سمیت سندھ کے صنعتکاروں کوہرممکن سہولیات اور مراعات فراہم کی جائیں گی تاکہ مقامی سطح پر سرمایہ کاری بڑھنے سے وسیع پیمانے پر عوام کو روزگارکے مواقع میسر آسکیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی انجمنوں کی مشاورت سے صوبائی لیبر قوانین کو سہل اور موثر بنایا جائے گا اور اگر صنعتکاروں نے جامع تجاویز پیش کیں تورائج لیبر قوانین میں ترامیم بھی کی جائیں گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ سانحہ بلدیہ سمیت آتشزدگی کے بڑے واقعات کے تناظر میں فائربریگیڈکو جدید ترین گاڑیاں، اسنارکل اور آلات فراہم کئے جا رہے ہیں جس کے آرڈرز دیئے جاچکے ہیں اور عنقریب یہ سامان کراچی پہنچ جائے گا۔ انہوں نے صنعتکاروں کو یقین دلایا کہ سائٹ کیلئے پانی کی علیحدہ پائپ لائن سمیت انفرااسٹرکچر کے تمام مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کئے جائیں گے۔ ناصر حسین شاہ نے صنعتکاروں سے کہا کہ وہ اپنی اپنی فیکٹری کے ملازمین کی درست رجسٹریشن کرائیں تاکہ مزدوروں کے بنیادی مسائل حل کئے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر صنعتی انجمنیں نئی لیبر کالونیوں کے قیام کے سلسلے میں تجاویز دیں گی تو ان پرعملدرآمد کیا جائے گا،اس سلسلے م،یں پہلے سے موجود لیبرکالونیوں،ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کو بہتر بنایا جارہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ برمی، بنگالی، افغانی اور دیگر تارکین وطن کی رجسٹریشن انتہائی ضروری ہے اور اس سلسلے میں جو اقدامات کئے جارہے ہیں ہم اسکی تائیدکرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں ورلڈ الیون کے میچز کا انعقاد خوش آئند ہے اور یہ میچز کراچی میں بھی ہونے چاہئیں، اس سلسلے میں وزیراعلیٰ سندھ نے پی سی بی سے بھی رابطہ کیا ہے کہ کراچی ایک پر امن شہر ہے جہاں دنیا کے بڑے فٹبالر بھی آچکے ہیں۔قبل ازیں سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے سرپرست اعلیٰ سراج قاسم تیلی نے سائٹ کے صنعتکاروں کو درپیش مسائل پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے سائٹ لمٹیڈ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ سائٹ لمٹیڈ کی نجکاری کردی جائے کیونکہ نجی شعبے کی کمپنیوں اور آؤٹ سورسنگ کے بغیر صنعتی علاقوں کے مسائل حل نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے قصیدہ خوانی کرنے والی صنعتی وتجارتی انجمنوں کو خطیر فنڈز فراہم کردیئے جاتے ہیں جبکہ تنقید کرنے والوں کو بری طرح نظرانداز کیا جاتا ہے۔ سائٹ ایسوی ایشن کے صدر اسد نثار برخورداریہ نے علاقے کے صنعتکاروں کے مسائل بیان کرتے ہوئے کہا کہ تمام سرکاری محکمے بزنس فرینڈلی ہوجائیں توکرپشن کا خاتمہ ممکن ہے۔جاوید بلوانی نے کہا کہ لیبر قوانین کی ازسرنو تشکیل میں آجر اور اجیردونوں کا خیال رکھا جانا چاہیئے جبکہ مزدوروں کے ٹرانسپورٹ مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کئے جانے چاہئیں تاکہ وہ یکسوئی سے صنعتی پیداوار بڑھانے کیلئے کام کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے صنعتکار آر ایل این جی لینا نہیں چاہتے کیونکہ ہماری اپنی سندھ کی قدرتی گیس موجود ہے جس کے کنکشنز ملنے چاہئیں۔

تبصرے

تبصرے

Check Also

pakistan saudiarabia -1496048230-682-640x480

جلد سعودی عرب کی وزارت کامرس کا وفد پاکستان کا دورہ کرکے تجارتی معاملات پر بات چیت کرے گا

لاہور ۔ 17 نومبر (اے پی پی) سعودی عرب کے پاکستان میں سفیر نواف سعید …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے