Home / تجارت / پاکستان سے 1 ارب 6 کروڑ روپے کا چاول برآمد

پاکستان سے 1 ارب 6 کروڑ روپے کا چاول برآمد

Super High Hybrid Rice seed
کراچی ۔ 9 فروری (اے پی پی) رائس ایکسپورٹرز ایسو سی ایشن آف پاکستان (ریپ) کے سینئر وائس چیئرمین رفیق سلیمان نے ماہ جنوری کے اختتام پر چاول کی برآمدات کے اعدادو شمار پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ مالی سال کے مقابلے میں موجودہ مالی سال جولائی تا جنوری 2018ء میں چاول کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے بتایاکہ موجودہ مالی سال میں ہم نے 22 لاکھ 81 ہزار میٹرک ٹن چاول برآمد کیا ہے جس کی مالیت تقریباََ ایک ارب 6 کروڑ ڈالر ہے جبکہ گذشتہ مالی سال میں اسی عرصے کے دوران ہم نے 19 لاکھ 71 ہزار میٹرک ٹن چاول برآمد کیا تھا جس کی مالیت تقریباََ 820 ملین ڈالر تھی یعنی اس سال چاول کی برآمدات میں مقدار کے حساب سے 15 فیصد اور مالیت کے حساب سے 29 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

رفیق سلیمان نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس مالی سال میں ہم نے چالیس لاکھ ٹن پاکستانی چاول برآمد کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے جس کی مالیت تقریباََ دو ارب ڈالر ہے اور ہمیں پوری امید ہے کہ ہم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہم یورپی ممالک پر بھی اپنی توجہ مرکوز کر رہے ہیں کیونکہ یورپی ممالک میں چاول میں زرعی ادویات کی مقررہ حد سے زائد مقدار کی موجودگی کی وجہ سے بھارتی چاول پر متوقع پابندی کی وجہ سے بھی پاکستان کے چاول کے برآمد کنندگان ان ممالک میں زیادہ چاول برآمد کر سکتے ہیں۔

انہوں نے حکومت کے متعلقہ اداروں کو اس سلسلے میں فوری اقدامات کرنے کیلئے استدعا کی تاکہ پاکستان کو زیادہ سے زیاد ہ زر مبادلہ فراہم ہوسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ کینیا پاکستانی چاول کا سب سے بڑا خریدار ہے اور گزشتہ مالی سال کے سات مہینوں میں ہم تقریباََ 2 لاکھ 84 ہزار ٹن چاول برآمد کر چکے ہیں جس کی مالیت تقریباََ 102 ملین ڈالر ہے۔

انہوں نے چین کو چاول کی گرتی ہوئی برآمدات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستانی چاول کا دوسرا بڑا خریدار ہے لیکن گذشتہ سات مہینوں میں صرف 1 لاکھ 86 ہزار ٹن چاول برآمد ہو سکا ہے جس کی مالیت 61 ملین ڈالر ہے۔ انہوں نے حکومت پاکستان کی وزارت تجارت کی توجہ اس جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین فری ٹریڈ ایگریمنٹ کے سلسلے میں دوسرے مر حلے کے مذاکرات میں وزارت تجارت پاکستانی چاول کیلئے زیادہ سے زیادہ مراعات حاصل کرنے کی کوشش کرے تاکہ چین کو چاول کی برآمدات متاثر نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت بین الاقوامی مارکیٹ میں چاول کی طلب میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور اس سال پاکستان کی چاول کی فصل بھی مقدار اور معیار کے حساب سے بہت اچھی ہے، مزید برآں پاکستانی چاول کی قیمتیں دیگر حریف ممالک تھائی لینڈ اور ویتنام کے مقابلے میں نسبتاََ کم ہیں جس کی وجہ سے بین الاقوامی خریداروں کی توجہ پاکستان پر مرکوز ہے اور امید ہے کہ رواں مالی سال میں چاول کی بر آمدات میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی رائس ایکسپورٹرز ملک کی معاشی ترقی کے لئے انتھک محنت کر رہے ہیں اور زر مبادلہ کے حصول کیلئے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کر رہے ہیں اور چاول کی ویلیو ایڈیشن کیلئے دنیا کی بہترین ٹیکنالوجی استعمال کررہے ہیں۔

تبصرے

تبصرے

Check Also

see foods

عالمی منڈیوں میں پاکستانی سمندری خوراک کی برآمد میں 18 فیصد اضافہ

فیصل آباد ۔ 20 فروری (اے پی پی) دنیا بھر میں پاکستان کی سمندری خوراک …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے