Home / تجارت / سری لنکا میں پاکستانی مصنوعات کی نمائش کے تیسرے ایڈیشن کا افتتاح

سری لنکا میں پاکستانی مصنوعات کی نمائش کے تیسرے ایڈیشن کا افتتاح

Sri-Lankan-president-inaugurates-Pakistan-Single-Country-Exhibition
اسلام آباد ۔ 12 جنوری (اے پی پی) سری لنکا کے صدر ایچی متھری پالاسری سینا اور وفاقی وزیر تجارت محمد پرویز ملک نے سری لنکا میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر شاہد احمد حشمت کے ہمراہ دارالحکومت کولمبو میں پاکستانی مصنوعات کی نمائش کے تیسرے ایڈیشن کا افتتاح کیا۔

نمائش کا انعقاد ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان ( ٹی ڈی اے پی) نے سری لنکا میں پاکستانی ہائی کمشنر کے تعاون سے کیا ۔ نمائش میں پاکستان کی بڑی کمپنیاں اپنی مصنوعات کی نمائش کریں گی۔ نمائش میں انجینئرنگ مصنوعات، آٹو پارٹس ، زرعی مصنوعات، دستکاریاں، فارماسیوٹیکلز، کٹلری، فرنیچرز، کارپٹ، ماربل کی مصنوعات سمیت دیگر اشیاء و خدمات پیش کی جائیں گی۔

سری لنکا میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹرشاہد احمد حشمت نے افتتاحی کلمات میں کہاکہ نمائش کے انعقاد کا مقصد پاکستانی مصنوعات کا فروغ اور سری لنکا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مضبوط کرنا جس سے دونوں ممالک کی تاجر برادری کو ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملے گا۔

انہوں نے کہاکہ نمائش سے سری لنکا کے تاجروں کو نہ صرف پاکستانی مصنوعات سے آگاہی حاصل ہو گی بلکہ دونوں ممالک کے تاجروں کو ایک دوسرے کے ساتھ روابط بڑھانے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ نمائش کا انعقاد بڑی کامیابی ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت محمد پرویز ملک نے کہاکہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پائیدار سفارتی تعلقات ہیں۔

دونوں ممالک بہترین معاشی تعلقات کے حامل ہیں۔ سری لنکا پاکستان کا بڑا تجارتی شراکت دار ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک ابھرتی ہوئی معیشت ہے ۔ موجودہ حکومت نے غیر ملکی تاجروں کے لئے بہترین ماحول فراہم کیا ہے جس سے وہ فوائد حاصل کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی نمائشوں سے دونوں ممالک کے تاجروں اور شہریوں کو ایک دوسرے سے قریب آنے کا موقع ملے گا۔ نمائش کے افتتاح کے بعد سری لنکا کے صدر اور پاکستان کے حکومتی نمائندوں نے مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور نمائش میں رکھی گئی مختلف مصنوعات کاجائزہ لیا گیا۔

سری لنکا کے صدر نے پاکستان میں بدھ مت ورثہ سے متعلق کتاب، سی ڈی اور کتابچے پیش کئے ۔ نمائش میں سری لنکا کے وزراء، پارلیمنٹیرین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ نمائش 14جنوری 2018ء تک جاری رہے گی۔

تبصرے

تبصرے

Check Also

Value-added textile

فرینکفرٹ انٹرنیشنل ہیم ٹیکس پاکستانی ٹیکسٹائل اربوں روپے کے انٹرنیشنل ایکسپورٹ آرڈرز بھی حاصل کرنے میں کامیاب

فیصل آباد۔22جنوری(اے پی پی )فرینکفرٹ انٹرنیشنل ہیم ٹیکس میں تھائی لینڈ، چائنہ ، بنگلہ دیش …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے